مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں داعشی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں بم دھماکے میں 4 ایف سی اہلکار ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق سبی کی تحصیل سانگان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار ہلاک اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) سبی منتقل کر دیا گیا۔ زخمی ہونے والے تمام 6 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 8 مارچ کو بھی سبی میں جیل روڈ پر بم دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے تھے۔ اس سے قبل پشاور میں شیعہ جامع مسجد پر خود کش حملے ميں 66 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں دہشت گردانہ واقعات میں اضافہ ہوگیا۔
آپ کا تبصرہ